11 جنوری ، 2013
کراچی … شاہ زیب قتل کیس کے مزید 2 گواہوں نے ملزمان کو شناخت کرتے ہوئے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔ شاہ زیب قتل کیس کی سماعت جوڈیشنل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی جہاں مزید 2 گواہوں نے اپنے بیانات ریکارڈ کرادیئے۔ اس سے قبل دونوں گواہوں نے ملزمان سراج تالپور، سجاد تالپور سمیت 3 ملزمان کو شناخت کرلیا۔ گواہوں نے عدالت میں بیان دیا کہ شاہ رخ اور سراج تالپور نے شاہ زیب پر گولیاں چلائیں، شاہ زیب پر چلتی گاڑی میں فائرنگ کی گئی۔ گواہوں نے بتایا کہ سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری نے گاڑی سے جھانک کر کہا کہ شاہ زیب زندہ ہے۔ گواہوں کا کہنا ہے کہ شاہ زیب پر فائرنگ کے باعث اس کی گاڑی بھی الٹ گئی۔