11 جنوری ، 2013
لکی مروت … کوئٹہ بم دھماکوں میں جاں بحق ایف سی اہلکار کی میت لے جانیوالی ایمبولینس لکی مروت میں حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں میت کے ہمراہ جانیوالے مزید 3 ایف سی اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ حادثہ لکی مروت کے علاقے درہ پیزو میں سیمنٹ فیکٹری کے قریب پیش آیا اور کوئٹہ دھماکوں میں جاں بحق ایف سی اہلکار محمد منیر کی میت لے جانے والی ایمبولینس سامنے سے آنے والی بس سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں محمد منیر کی میت کے ہمراہ جانیوالے اْن کے بھائی سمیت مزید 3 ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ کنڈیکٹر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔