11 جنوری ، 2013
کراچی … کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس میں مفرور ملزم شاہ رخ جتوئی کے والد سکندر جتوئی کو 16جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ شاہ زیب قتل کیس میں مفرور ملزم شاہ رخ جتوئی کے والد سکندر جتوئی کو گزشتہ روز اسلام آباد سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ کراچی میں سکندر جتوئی کو ریمانڈ کیلئے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سکندر جتوئی کو 16جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ ملزم کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم سکندر جتوئی دل، شوگر اور بلڈ پریشر کے مریض ہیں اور ان کی طبیعت ٹھیک نہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ دوران تفتیش ملزم کو میڈیکل کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔ مقدمے کے دیگر ملزمان سراج تالپور، سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری بھی 16 جنوری تک ریمانڈ پر ہیں جنہیں گواہ شناخت بھی کر چکے ہیں۔