11 جنوری ، 2013
اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے جو کہا وہ ڈرون نہیں، خود کش حملہ تھا جس کا وہ خود شکار ہو گئے، ان کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت کیلئے ایسے نام دیں گے جس پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا، نگراں وزیراعظم پیپلزپارٹی سے ہوگا نہ مسلم لیگ ن سے۔ چوہدری نثار نے یہ باتیں پارلیمنٹ ہاوٴس میں واقع چیمبر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کیں۔ ان کاکہناتھاکہ سیاسی مخالفین کے بارے میں بد زبانی اور گالم گلوچ کرنا الطاف حسین کا محبوب طریقہ خطاب ہے۔ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار نے کہا کہ چند روز کے واقعات نے ثابت کر دیا کہ بھارت سے خیر کی توقع نہیں، بھارت سے دوستی کا جذبہ رکھنے والوں کیلئے یہ لمحہ فکریہ ہے، بھارتی واویلا الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف ہے۔