11 جنوری ، 2013
کوئٹہ … گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے کہا ہے کہ بدامنی اور دھماکوں کے بعد ہم حکمرانی کا حق کھوچکے ہیں، اس صورتحال میں ملک میں الیکشن کا انعقاد ضروری ہیں، الیکشن ہوں گے تو اچھے لوگ سامنے آئیں گے۔ یہ بات انہوں نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکوں میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ نواب مگسی نے کہا کہ پاکستان پہلی اسلامی ایٹمی طاقت ہے اس لئے اسے سازش کے تحت نشانہ بنایا جارہا ہے، یہاں بدامنی پیداکرکے اسے غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ گورنر بلوچستان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہوتا ہے اور امن وامان قائم رکھنے سمیت تمام اختیارات وزیر اعلیٰ کے پاس ہوتے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں الیکشن ضروری ہیں، الیکشن ہوں گے تو اچھے لوگ سامنے آئیں گے۔