Time 11 اکتوبر ، 2023
کھیل

پاکستان کی سری لنکا سے بہترین فتح بھارت کیخلاف میچ کی اچھی تیاری ہے: بھارتی تجزیہ کار

وکرانت گپتا، آکاش چوپڑا اور ہرشا بھوگلے نے سوشل میڈیا پر پاکستانی بیٹرز کی تعریف کرتے ہوئے پیغامات لکھے۔ فوٹو فائل
وکرانت گپتا، آکاش چوپڑا اور ہرشا بھوگلے نے سوشل میڈیا پر پاکستانی بیٹرز کی تعریف کرتے ہوئے پیغامات لکھے۔ فوٹو فائل

بھارتی  تجزیہ کاروں کی جانب سے ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے خلاف بہترین فتح کو 14 اکتوبر کو بھارت کے خلاف میچ سے قبل اچھی تیاری قرار دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز کھیلے گئے ورلڈکپ کے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 345 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل 10 گیندوں قبل حاصل کر لیا۔

پاکستانی بیٹنگ کی خاص بات ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عبد اللہ شفیق اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی شاندار سنچریاں تھیں جن کی بدولت گرین شرٹس نے اتنا بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کیا، محمد رضوان کو شاندار بلے بازی کا میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

سری لنکا کے خلاف شاندار فتح پر سابق بھارتی کرکٹرز وریندر سہواگ، عرفان پٹھان، محمد کیف، وسیم جعفر اور سنجے منجریکر نے بھی پاکستانی بیٹرز کی تعریف کی۔ اس کے علاوہ وریندر سہواگ نے بھی سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم کو جیت پر مبارکباد دی۔

محمد کیف نے ایکس پر لکھا بیٹگ یہ ہوتی ہے کہ آپ اپنی اننگز کو آگے بڑھائیں اور اٹیک کرنے کے لیے بہترین وقت اور بولر کا انتظار کریں، رضوان نے بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ زبردست اننگز کھیلی، وہ اپنی ٹیم کے لیے ہمیشہ موجود رہتا ہے۔

سنجے منجریکر نے لکھا جب رضوان کو کریمپ شروع ہوئے تو سری لنکا والوں کو اندازہ ہو گیا تھا کہ وہ اب پریشانی میں ہیں، کیا زبردست گیم تھا، پاکستان نے کیا شاندار فتح حاصل کی۔

معروف بھارتی تجزیہ کاروں آکاش چوپڑا، وکرانت گپتا اور ہرشا بھوگلے نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت پر سوشل میڈیا پر شاہینوں سے سے متعلق بیانات دیے۔

وکرانت گپتا نے رضوان کو پاکستان کے لیے حقیقی میچ ونر قرار دیتے ہوئے لکھا کبھی بھی ہار نہیں مانتا، نئی مثالیں قائم کرتا ہے اور اپنی پسندیدہ شاٹ سوئپ کو اور اچھا کرتا ہے۔ اب پاکستان اور بھارت کے درمیان کیا زبردست مقابلہ ہو گا۔

آکاش چوپڑا نے بھی سوشل میڈیا پیغام میں لکھا عبداللہ شفیق نے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا، وہ پیس بولرز کے خلاف مضبوط دکھائی دیتے ہیں اور اسپنرز کے خلاف پراعتماد نظر آتے ہیں۔

بھارتی کرکٹ کمنٹیٹر نے لکھا محمد رضوان ایک شاندار کرکٹر ہیں، آزمائش سے بہترین طریقے سے باہر نکلتے ہیں۔ پاکستان نے بہت ہی شاندار طریقے سے ہدف کا تعاقب کیا اور خود کو 14 اکتوبر کے میچ کے لیے اچھا تیار کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ میں 14 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ احمد آباد کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :