12 جنوری ، 2013
نئی دہلی … ایک تو چوری اوپر سے سینہ زوری ، لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت بڑھتی ہی چلی جارہی ہے، 10 دن سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کے بعد آج بھارتی ایئر چیف نے دھمکی دی ہے کہ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو انہیں دوسرے آپشنز پر غور کرنا پڑے گا۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ صورتحال ناقابل قبول ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت مسلسل جاری ہے اور تقریبا 10دن تک ہوتی رہی، اس جارحیت میں پاک فوج کے 2 جوان بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید بھی ہوچکے ، لیکن ان واقعات کے باوجود بھارت کی طرف سے پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ بھارت کو پاکستان پہلے ہی اقوام متحدہ کے غیر جانبدار مبصرین سے تحقیقات کی پیش کش کرچکا ہے۔ اس تمام صورتحال میں بھارتی فصائیہ کے سربراہ نے دیگر آپشنز کا بیان دے کر صورتحال مزید کشیدہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔