Time 17 اکتوبر ، 2023
پاکستان

شکارپور میں اغوا کیے گئے ایس ایچ او سمیت پانچوں اہلکار بازیاب

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

شکارپور میں اغوا کیے گئے ایس ایچ او سمیت پانچوں پولیس اہلکار بازیاب ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پانچوں پولیس اہلکاروں کو 11 اکتوبر کی صبح کوٹ شاہو تھانے کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا۔

شکارپور میں کچے میں ایس ایچ او سمیت اہلکاروں کی بازیابی کے لیے 5 دن سے آپریشن جاری تھا تاہم پانچوں مغوی اہلکار گزشتہ شب ایس ایس پی ہاؤس شکارپور پہنچ گئے ۔

ذرائع کے مطابق مغویوں میں ایس ایچ او کوٹ شاہو محبوب بروہی ان کے بیٹے اور 3 اہلکار شامل تھے، ڈاکوؤں نے کوٹ شاہو تھانے سے چھینا گیا اسلحہ بھی پولیس کو واپس کردیا ۔

ڈی آئی جی لاڑکانہ جاوید جسکانی اور ایس ایس پی شکارپور خالد مصطفیٰ کورائی نے اہلکاروں سے ملاقات کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق پانچوں پولیس اہلکار حساس ادارے کی مدد سے واپس آئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیاں 5 دن سے مذاکرات جاری تھے، ڈاکو مہر بڈانی کی گرفتاری کے بعد اسے چھڑانے کے لیے ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکو مہر بڈانی کی گرفتاری دو روز قبل ظاہرکی گئی تو ڈاکوؤ ں نےمذاکرات ختم کر دیے تھے، مذاکرات ختم کرنے کے بعد حساس ادارے کی مدد سے پولیس اپنے اہلکاروں کو بحفاظت واپس لاسکی۔

مزید خبریں :