دنیا
Time 17 اکتوبر ، 2023

بھارتی سپریم کورٹ کا ہم جنس پرستوں کی شادی قانونی قرار دینے سے انکار

ہم جنس پرستوں کی شادیوں کو قاعدے کے طور پر قبول نہیں کیا جاسکتا: بھارتی سپریم کورٹ/ فائل فوٹو
ہم جنس پرستوں کی شادیوں کو قاعدے کے طور پر قبول نہیں کیا جاسکتا: بھارتی سپریم کورٹ/ فائل فوٹو

بھارتی سپریم کورٹ نے ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی قرار دینے سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے 10 روز کی طویل سماعتوں کے بعد 11 مئی کو اس کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

بھارتی سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی تاہم حکومت نے اس درخواست کی مخالفت کی تھی۔

بھارتی سپریم کورٹ نے منگل کے روز کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی قرار دینے سے معذوری ظاہر کی تاہم عدالت نے مرکزی حکومت کو ہم جنس پرست کمیونٹی کے حقوق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں اسے قانونی تسلیم کرنے سے انکار کیا اور اس پر قانونی سازی کی بھی ہدایت کی۔

سپریم کورٹ نے اس کیس میں حکومت کا مؤقف بھی ریکارڈ کیا جس میں کہا گیا ہےکہ حکومت ہم جنس پرستوں کو حقوق اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک کمیٹی قائم کرے گی جو ان چیزوں کا جائزہ لے گی۔

عدالت نے کہا کہ ہم قانون نہیں بناسکتے لیکن اس کی تشریح کرتے ہوئے اسے مؤثر بناسکتے ہیں، ہم جنس پرستوں کا معاملہ دیہی یا شہری کا نہیں، لوگ ہم جنس ہوسکتے ہیں چاہے ان کا تعلق کسی گاؤں یا شہر سے ہو، صرف انگریزی بولنے والا یہ دعویٰ نہیں کرسکتا کہ وہ ہم جنس پرست ہے یہ ایک کھیتوں میں کام کرنے والی عورت بھی ہوسکتی ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ہم جنس پرستوں کی شادیوں کو قاعدے کے طور پر قبول نہیں کیا جاسکتا۔

مزید خبریں :