20 اکتوبر ، 2023
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر ظفر اللہ خان نے کہا ہے کہ اصولی طور پر نواز شریف کو 24 اکتوبر کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہیے۔
جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر ظفر اللہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو 24 اکتوبر کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہیے۔
دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان اور پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نواز شریف کو ضمانت علاج کے لیے دی گئی تھی اصولی طور پر ان کو واپس آکر عدالت کے سامنے سرنڈر نہیں کرنا چاہیے تھا بلکہ جیل جانا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی پاکستان واپسی کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے خصوصی طیارے کو پاکستان آنے کیلئے این او سی جاری کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف خلیجی ائیر لائن کے طیارے بوئنگ سیون تھری ایٹ کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے۔