Time 30 اکتوبر ، 2023
پاکستان

فلسطین کی سرزمین پر اسرائیلی ریاست کا قیام منظور نہیں: سینیٹر مشتاق احمد

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نےکہا ہےکہ فلسطین کی سرزمین  پر اسرائیلی  ریاست کا قیام  منظور  نہیں، حماس نے اسرائیل کے ناقابل شکست ہونےکا  تصور ہوا میں اڑا دیا ہے۔

سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹرز کی جانب سے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ  فلسطین کا مسئلہ 1967 یا 1948 کا نہیں 1917 کا ہے، ہماری حکومت نے 1967کی سرحد سے متعلق جو بیان دیا وہ درست نہیں ہے، فلسطین کی سرزمین پر  اسرائیلی ریاست کا قیام منظور نہیں۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ وہ امت کے لیے تین عظیم کام کرنے پر حماس کو سلام پیش کرتے ہیں، اسرائیل ناقابل شکست ہے  یہ  انہوں نے ہوا  میں اڑا دیا، عالم اسلام میں اسرائیل کو  تسلیم کرنےکا منصوبہ ملیا میٹ کردیا، امت کو  امید  اور  قوت دی کہ  اپنی آزادی،  حریت اور  زمین کے لیے استعمار  اور  استعمار کی ناجائز  اولاد کے خلاف جدوجہد کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ  فلسطین کو عالم اسلامی کی سفارتی، اخلاقی، سیاسی حمایت کی نہیں عملاً عسکری مداخلت کی ضرورت ہے، حما س نےکہا ہےکہ ہمیں 10 فیصد اسلحہ دے دیں تو اگلا جمعہ مسجد اقصیٰ میں پڑھائیں گے، کیا اسلامی حکومتیں آخری فلسطینی بچےکی موت کا انتظار کر رہی ہیں؟

پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ موجودہ حکومت کا اسرائیل اور فلسطین کے حوالے سے رویہ معذرت خوانہ ہے، سینیٹر یوسف رضا گیلانی نےکہا کہ اسرائیل کی ظلم و بربریت نازیوں سے بھی بڑھ گئی ہے۔

مزید خبریں :