31 اکتوبر ، 2023
ملک میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیرملکیوں کو رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کا ڈیڈ لائن کا آج آخری روز ہے اور آج 21 ہزار سے زائد افغان شہری طورخم کے راستے افغانستان چلے گئے۔
افغان کمشنریٹ کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی رہائش پذیرغیر ملکیوں کی ملک بدری کا دوسرا مرحلہ کل سے شروع ہوگا۔
انہوں نے بتایاکہ آج طورخم کے راستے 21 ہزار 536 افراد پر مشتمل 883 خاندان رضاکارانہ طور پر افغانستان چلے گئے۔
افغان کمشنریٹ کے مطابق یکم اکتوبر سے 31 اکتوبر تک ایک لاکھ 4 ہزار 85 افراد پر مشتمل 5 ہزار 265 خاندان رضاکارانہ طور پر وطن لوٹ گئے ہیں۔
افغان کمشنریٹ کے مطابق کل سے غیرملکیوں کےخلاف دوسرا مرحلے میں غیرقانونی رہائش پذیرغیر ملکیوں خصوصاً افغان شہریوں کو گرفتار کیا جائے گا اور انہیں لنڈی کوتل میں قائم ہولڈنگ سینٹر منتقل کیا جائےگا۔
ہولڈنگ سینٹر پر نادرا عملہ زیر حراست افغانی شہریوں کا بائیومیٹرک سمیت دیگر ڈیٹا اکھٹا کریے گا جس کے بعد انہیں طورخم کے راستے افغان حکام کے حوالے کیا جائے گا۔