Time 04 جون ، 2025
دنیا

بھارت میں ایک اور معروف یوٹیوبر پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار

بھارت میں ایک اور معروف یوٹیوبر پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف یوٹیوبر جسبیر سنگھ کو پاکستان کےلیے جاسوسی اور رابطے رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے__فوٹو: انڈین میڈیا

بھارتی پولیس نے ایک اور یوٹیوبر کو پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف یوٹیوبر جسبیر سنگھ کو پاکستان کےلیے جاسوسی اور رابطے رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

بھارتی پولیس کا دعویٰ ہے کہ جیوتی کی گرفتاری کے بعد جسبیر سنگھ نے اپنے اور پاکستانی ایجنسیوں کے درمیان رابطے کے تمام ثبوت مٹانے کی کوشش کی۔ وہ 2020، 2021، اور 2024 میں تین مرتبہ پاکستان کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔

تفتیشی حکام نے الزام عائد کیا کہ جسبیر سنگھ کا رابطہ احسان الرحیم عرف دانش سے تھا، جو پاکستان ہائی کمیشن میں تعینات تھا اور جسے حال ہی میں ہندوستان سے بےدخل کر دیا گیا ہے، علاوہ ازیں جسبیر کا تعلق پاکستانی انٹیلی جنس آفیسر شاکر عرف جٹ رندھاوا سے بھی رہا ہے۔

بھارتی پولیس کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جسبیر سنگھ نے دانش کی دعوت پر دہلی میں پاکستان کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی، جہاں اس نے پاکستانی اہلکاروں اور وی لاگرز سے ملاقات بھی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جسبیر سنگھ کے قبضے سے برآمد کیے گئے الیکٹرانک آلات میں پاکستانی نمبرز پائے گئے ہیں۔

موہالی میں اسپیشل آپریشن سیل میں جسبیر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس وسیع جاسوسی اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جا سکے اور تمام ساتھیوں کو گرفتار کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں یوٹیوبر جیوتی ملہوترا کو بھی مبینہ طور پر جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :