Time 06 نومبر ، 2023
پاکستان

لیول پلیئنگ فیلڈکو آپ ایون فیلڈ سمجھ رہی ہیں، فیصل کنڈی کا مریم نواز کے بیان پر ردعمل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے ترجمان ن لیگ مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ ہم  لیول  پلیئنگ فیلڈ کی بات کرتے ہیں  آپ  ایون فیلڈ سمجھ رہی ہیں، اس مرتبہ لوگ سلیکشن قبول نہیں کریں گے۔

 فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا سن کر  آپ کے چہرے پر مایوسی اور ماتھے پر پسینہ کیوں  آتا ہے؟ لیول  پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے، پیپلزپارٹی1988 کی طرح انتخابات جیتے گی، پیپلز پارٹی کی قیادت مشکلات کا مقابلہ کرتی ہے، میدان نہیں چھوڑتی۔

سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی خواہش  وزیراعظم بننا ہے، خواہشات  پر کوئی پابندی نہیں، نواز  شریف کی آمد  پر لاہور  لاتعلق رہا، پیپلزپارٹی 8 فروری کو  لاہور  میں بھی سرپرائز دےگی، آئندہ حکومت پیپلزپارٹی بنائےگی، ہوسکتا ہےکہ  الیکشن کے بعد پی پی قیادت 2008 کی طرح ن لیگ کو بھی حکومت میں شامل ہونےکی دعوت  دے۔

خیال رہےکہ لاہور میں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی والے لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئیں، الیکشن کی فیلڈ میں آئیں، ایک طرف کہتے ہیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں اور دوسری طرف کہتے ہیں کہ کلین سوئپ کریں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی انتخابی مہم کا آغاز 21 اکتوبر کو ہوچکا ہے،لیول پلیئنگ فیلڈکا ابھی سے رونا ظاہر کرتا ہےکہ عوام نے 21 اکتوبر کو نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

دوسری  جانب سابق صدر آصف زرداری کا سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ریاست کو بچانے کے لیے سب مل کر اپنا کردار ادا کریں گے۔

ذرائع پیپلزپارٹی کے مطابق آصف زرداری نے وطن واپسی پر نواز شریف کو مبارک باد دی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ دونوں رہنماؤں میں اتفاق ہوا کہ ریاست کو بچانے کے لیے سب مل کر اپنا کردار ادا کریں گے، دونوں رہنماؤں نے معاشی مشکلات اور عوام کو ریلیف دینےکے لیے اہم فیصلےکرنے پر بھی اتفاق کیا۔


مزید خبریں :