16 جنوری ، 2013
پشاور…وزیریلوے غلام احمد بلورکاکہناہے کہ ایسی حکمت عملی بنا لی ہے کہ آئندہ کوئی شخص یا پارٹی اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ نہیں کر سکے گی ،انہوں نے دُعاکی کہ، اللہ کرے اسلام آباد میں بارش ہو جائے اور دھرنے والے دھرنا چھوڑ کر چلے جائیں۔ غلام احمد بلورلاہورمیں ریلوے پریم یونین کے سربراہ شیخ محمد انورسے ان کے والدکی وفات پرتعزیت کے بعدجیو نیوز سے گفتگوکررہے تھے،انہوں نے کہا، پیار کی زبان نہ سمجھنے والوں پر ڈنڈا برسانا مجبوری بن جاتا ہے ، وزیرریلوے کاکہناتھاکہ حکومت کی ناقص حکمتِ عملی کے باعث طاہرالقادری دھرنے کیلئے لاہور سے اسلام آباد پہنچ سکے ،اُنہیں لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر یا راستے میں روک دیا جاتا تو بہتر حکمت عملی ہوتی ،تاہم حکومت نے اب ایسی حکمت عملی بنا لی ہے کہ آئندہ کوئی شخص یا پارٹی اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ نہیں کر سکے گی۔