دنیا
Time 25 نومبر ، 2023

سالگرہ منانے دبئی نہ لیجانے پر بیوی کے ایک گھونسے سے شوہر چل بسا

5 نومبر کو اس جوڑے کی شادی کی سالگرہ بھی تھی اور وہ اپنے شوہر سے کسی اچھے تحفے کی توقع کر رہی تھی__فوٹو: فائل
5 نومبر کو اس جوڑے کی شادی کی سالگرہ بھی تھی اور وہ اپنے شوہر سے کسی اچھے تحفے کی توقع کر رہی تھی__فوٹو: فائل

بھارت میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے شوہر کو سالگرہ کے لیے دبئی نہ لے جانے پر مُکا مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں ایک 38 سالہ شخص کی موت اس وقت ہوئی جب اس کی بیوی نے مبینہ طور پر اس کے چہرے پر گھونسا مارا کیونکہ وہ اپنی سالگرہ منانے کے لیے دبئی نہ لے جانے پر شوہر سے خفا تھی۔

مذکورہ واقعہ جمعے کی شام کو پیش آیا، مرنے والے شخص کا نام نِکھل کھنہ تھا جو کہ ایک رئیل اسٹیٹ ڈیویلپر تھا۔

پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اس شخص کی 36 سالہ بیوی رینوکا کی 18 ستمبر کو سالگرہ تھی، رینوکا اپنی سالگرہ دبئی میں منانا چاہتی تھی لیکن اس کے شوہر نے اس کا مطالبہ پورا نہیں کیا۔

اس کے علاوہ 5 نومبر کو اس جوڑے کی شادی کی سالگرہ بھی تھی اور وہ اپنے شوہر سے کسی اچھے تحفے کی توقع کر رہی تھی، خاتون کا اس لیے بھی موڈ خراب تھا کیونکہ وہ  اپنے رشتے دار کی سالگرہ پر دہلی جانا چاہتی تھی لیکن شوہر کی طرف سے کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔

اسی بات کو لے کر جمعہ کی شام دونوں میں اچھی خاصی لڑائی ہوئی، اس دوران غصے میں آکر خاتون نے اپنے شوہر کی ناک پر مُکا مارا جس سے بہت خون بہنے لگا اور وہ بے ہوش ہو گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پڑوسیوں کی طرف سے اطلاع ملنے کے بعدپولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور متاثرہ شخص کو اسپتال لے گئی جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا خاتون نے اپنے شوہر کو صرف اپنی مٹھی یا پھر کسی اور چیز سے مارا، تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔

ملزمہ خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس وقت وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔

مزید خبریں :