17 جنوری ، 2013
کراچی… متحدہ قومی موومنٹ کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ کے شرکاء کیلئے کراچی سے تین ٹرکوں پر مشتمل غذائی اجناس، خیموں، ادویات اور دیگر سامان پی آئی اے کارگوکے ذریعے اسلام آباد روانہ کردیا گیاہے۔ ایم کیوایم کے اعلامیہ کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد میں شدید سردموسم میں لانگ مارچ میں شریک خواتین اوربزرگوں بالخصوص شیرخوار بچوں کی حالت زار اورعلالت کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ لانگ مارچ کے شرکاء کی ہرممکن مدد کی جائے۔ اعلامیہ کے مطابق الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے تین ٹرکوں پر مشتمل غذائی اجناس، ادویات، خیمے او ر روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء پی آئی اے کارگو کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد روانہ کردی گئی ہیں جوکہ فوری طورپر تحریک منہاج القرآن کے ذمہ داروں کے سپرد کردی جائیں گی۔