Time 05 دسمبر ، 2023
پاکستان

انتخابی اتحاد ہوگیا، ہم پختونخوا اور ن لیگ پنجاب میں تعاون کرے گی: فضل الرحمان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ن لیگ سے انتخابی اتحاد کے بعد کمیٹیاں بنادی گئی ہیں، ہم خیبرپختونخوا میں ن لیگ سے تعاون کریں گے اور وہ پنجاب میں ہم سے تعاون کرے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس وقت دو صوبے بدامنی کی لپیٹ میں ہیں، برابر کا ماحول بنایا جائے، ان کی جماعت انتخابات میں جانے کو ہر وقت تیار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن سے پتا چل گیا یہ کوئی پارٹی نہیں،  وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو بازو مروڑ کر پی ٹی آئی میں شامل کیا گیا تھا، غبارے میں جو ہوا بھری تھی وہ نکل گئی ہے۔

 مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ ن لیگ سے انتخابی اتحاد ہوگیا ہے، کمیٹیاں بنائی ہیں، ہم کے پی اور ن لیگ پنجاب میں تعاون کرے گی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہم نے تحریک مل کر چلائی ہے، ہم ن لیگ کے ساتھ تعلق برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ہم ان کے ساتھ سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان، ٹانک اور لکی مروت میں کوئی پولیس نہیں، اس بدامنی کی صورتحال میں کیا انتخابات ہوسکتے ہیں؟

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج وفاق المدارس کا اجلاس تھا، مختلف امور پر بات چیت ہوئی، مدارس کے نظام میں رکاوٹیں دور ہونی چاہئیں، مدارس کی رجسٹریشن کیلئے قانون ہونا چاہیے، کل کنونشن سینٹر میں بڑا اجتماع ہوگا۔

مزید خبریں :