25 فروری ، 2012
واشنگٹن. . . . .. . امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد سے موجود تناوٴ میں کمی آرہی ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق پاک امریکا تعلقات میں جاری کشیدگی کے خاتمے کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس سلسلے میں سی آئی اے کے ڈائریکٹر ڈیوڈ پیٹریاس اور پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی ایک خفیہ ملاقات ہوئی ہے۔ اخبار کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے پاکستان ہم منصب حنا ربانی سے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تین ماہ سے تعلقات میں تعطل کے بعد اوباما انتظامیہ ان تعلقات کی بحالی پر تیار ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ہلیری کلنٹن نے حنا ربانی کو بتایا کہ انتظامیہ چاہتی ہے کہ امریکا کا ایک اعلی سطحی وفد پاکستان کا دورہ کرے جس میں امریکا کے خصوصی نمائندے مارک گراسمین بھی ہوں۔