19 جنوری ، 2013
خانیوال…رینٹل پاورکیس میں نیب کے تفتیشی افسر کامران فیصل کا تعلق خانیوال کی تحصیل میاں چنوں سے تھا۔ان کے والد کہتے ہیں کہ بیٹے کی موت کا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیاہے، وہی بہترین منصف ہے جبکہ اہلخانہ کاکہنا ہے کہ واقعہ خودکشی نہیں قتل ہے، چیف جسٹس شفاف تحقیقات کرائیں۔ اسلام آباد میں نیب افسر کامران فیصل کی پراسرارموت سے آبائی شہر میاں چنوں میں غم کی فضاہے۔ مرحوم کے والد عبدالحمیدکا کہنا ہے کہ بیٹے نے کبھی سرکاری معاملات شیئر نہیں کئے، موت کا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیاہے، غیب کی باتوں کا علم اللہ ہی کوہے۔ جیونیوزسے بات چیت کے دوران کامران فیصل کے چچا ڈاکٹرطارق مسعود نے بتایا کہ جمعرات اورجمعہ کی درمیانی شب نو بجے ان کی کامران فیصل سے بات ہوئی تھی وہ بالکل نارمل تھے اورکسی ذہنی دباوٴ کا شکار نہیں لگ رہے تھے۔ کامران فیصل کے کزن محمدافضل نے جیونیوزسے بات چیت کے دوران کہا کہ رینٹل پاورکیس نہایت اہم ہے جس میں دباوٴ اورپریشانی تو رہتی ہی ہوگی، تاہم وہ مضبوط اعصاب کے مالک تھے، خودکشی نہیں کرسکتے یہ قتل ہے۔ہم چیف جسٹس سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ کامران فیصل نے اپنے کیریئر کا آغاز نیب کوئٹہ سے کیا۔ وہ رینٹل پاور کیس میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر 15 ملزمان کے خلا ف اہم تفتیشی افسر تھے۔ کامران فیصل نے بیوہ اوردوبیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں، ان کی میت اسلام آبادسے لانے کے بعد تدفین میاں چنوں میں ہوگی۔