26 دسمبر ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام پر میچ پر فی الحال ہماری گرفت ہے، کل آسٹریلیا کو 250 پر آؤٹ کرنے کی کوشش ہوگی۔
3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔میچ کے پہلے سیشن میں کھانے کے وقفے تک آسٹریلیا نے ایک وکٹ پر 90 رنز اسکور کیے تاہم ڈیوڈ وارنر 38 رنز بناکر سلمان علی آغا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے سیشن کا کھیل شروع ہوا تو عثمان خواجہ 42 رنز بناکر حسن علی کاشکار بنے جب کہ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 154 رنز پر گری اور عامر جمال نے اسٹیو اسمتھ کو 26 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
اس دوران میلبرن میں بارش بھی ہوئی اور میچ کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا تاہم بارش کی وجہ سے پہلے روز 66 اوورز کا کھیل ہوا تو آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔
پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بولنگ یونٹ کیلئے پہلا دن اچھا رہا رنز کم دیے ، کوشش ہوگی کل آسٹریلیا کو 250 پر آوٹ کردیں ، میچ پر فی الحال ہماری گرفت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ رفتار کس بولر کی کم ہوئی انہیں نہیں معلوم اور انہوں نے کبھی 150 کی اسپیڈ سے بول نہیں کی، وہ افواہوں پر دھیان نہیں دیتے۔