06 جنوری ، 2024
مسٹری اسپنر ابرار احمد کی انجری کے حوالے سے میڈیکل ٹیم کی رپورٹ منظر عام پر آگئی۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انہیں عرق النسا ( شیاٹک ) ہے جس کی بہتری کیلئے انہیں کئی بار ہدایت کی گئی لیکن بدقسمتی سے انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا۔
ابرار احمد نے انجری سے نجات کیلئے ڈاکٹرز کی ہدایت نظر انداز کردی جس کی وجہ سے وہ دورہ آسٹریلیا پر دوبارہ انجری کا شکار ہوگئے اور کوئی میچ نہ کھیل سکے۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں جب ٹیم حیدرآباد دکن میں تھی تو ابرار احمد نے سیدھے ہیپس میں تکلیف کی شکایت کی جس پر فوری طور پر ان کے ٹیسٹ کرائے گئے جس میں ان کے عرق النسا شیاٹک کی تخشیص ہوئی۔
ذرائع نے بتایاکہ اس کے بعد میڈیکل پینل نے ان کی انجری سے نجات کیلئے انہیں ایک پلان بناکر دیا جس میں مختلف ایکسرسائز اور ڈرل پر پابندی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسپنر نے ہدایت پر عمل نہیں کیا جس پر بھارت میں ہی ایک بار پھر ٹیم منیجمنٹ کے ساتھ میٹنگ کرکے انہیں ہدایات پر عمل کرنے کو کہا گیا لیکن بدقسمتی سے انہوں نے بتائی گئی ہدایات پرپھر سے مکمل عمل نہیں کیا، یہی وجہ تھی کے دورہ آسٹریلیا کے پریکٹس میچ کے دوران وہ دوبارہ ان فٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا سے واپسی کے بعد ابرار احمد ان دنوں نیشنل اکیڈمی لاہور میں رہیب پروگرام سے گزر ررہے ہیں۔ پی سی بی میڈیکل پینل نے ابرار کی انجری کی رپورٹ بورڈ کو جمع کرادی ہے۔