بارہ سنگھا کو اپنی گاڑیاں نہ چاٹنے دیں: کینیڈا میں ڈرائیورز کو انوکھی ہدایات جاری

ڈرائیورز کو اس حوالے سے ہر موسم سرما میں خبردار کیا جاتا ہے کیوں کہ جانوروں کو ہائی وے پر آنے سے نہیں روکا جاسکتا: پارکس کینیڈا/ فوٹو پارکس کینیڈا
ڈرائیورز کو اس حوالے سے ہر موسم سرما میں خبردار کیا جاتا ہے کیوں کہ جانوروں کو ہائی وے پر آنے سے نہیں روکا جاسکتا: پارکس کینیڈا/ فوٹو پارکس کینیڈا

پارکس کینیڈا نے ڈرائیورز کو خبردار کیا ہےکہ وہ بارہ سنگھا کو اپنی گاڑیاں نہ چاٹنے دیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پارکس کینیڈا کی جانب سے ہائی وے پر سفر کرنے والے ڈارئیورز کو انوکھی ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے۔

پارکس کینیڈا نے ایسا کیوں کیا؟

نیشنل پارکس ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ ہدایات ہائی وے اور اس پر چلنے والی گاڑیوں کو بارہ سنگھا کے چاٹنے کی وجہ سے دی گئی ہیں تاکہ ہائی وے پر ناصرف جانور بلکہ انسانی جانوں کو بھی نقصان سے بچایا جا سکے۔

پارکس انتظامیہ نے بتایا کہ ڈرائیورز کو اس حوالے سے ہر موسم سرما میں خبردار کیا جاتا ہے کیوں کہ جانوروں کو ہائی وے پر آنے سے نہیں روکا جاسکتا۔

بارہ سنگھا گاڑیاں اور سڑک کیوں چاٹتے ہیں؟

یونیورسٹی آف ناردرن برٹش کولمبیا کے اسسٹنٹ پروفیسر 25 سالوں سے بارہ سنگھا کے حوالے سے مطالعہ کر رہے ہیں، ان کے مطالعے میں بارہ سنگھا کا خاص طور پر سردیوں میں گاڑیاں اور سڑکوں چاٹنا شامل ہے۔

اسسٹنٹ پروفیسر نے بتایا کہ مطالعے سے یہ معلوم ہوا ہے کہ سردیوں میں سڑک کو جمنے سے بچانے کیلئے اس پر نمک ڈالا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بارہ سنگھا ہائی وے پر آکر سڑک اور گاڑیوں کو چاٹتے ہیں تاکہ سردیوں میں وہ اپنے جسم میں منرلز اور نمکیات کی کمی کو پورا کرسکیں۔

اسسٹنٹ پروفیسر کے مطابق گرمیوں میں بارہ سنگھا سبزے سے اپنے جسم کی نمکیات اور منرلز کو پورا کرلیتے ہیں لیکن سردیوں میں ہر چیز برف میں چھپ جاتی ہے اور سبزے کی کمی کی وجہ سے وہ سڑکوں پر نکل آتے ہیں تاکہ گاڑیوں اور سڑکوں کو چاٹ کر جسم میں سوڈیم کی کمی کو پورا کرسکیں۔

مزید خبریں :