اکثر سڑک پر 2 کی بجائے صرف ایک جوتا ہی گرا ہوا کیوں نظر آتا ہے؟

اس کی وجوہات کافی دلچسپ ہیں / فوٹو بشکریہ Women Riders Now
اس کی وجوہات کافی دلچسپ ہیں / فوٹو بشکریہ Women Riders Now

اکثر سڑک پر چلتے ہوئے کنارے پر ایک جوتا نظر آتا ہے جس پر ہم غور بھی نہیں کرتے۔

مگر کیا کبھی یہ سوال ذہن میں آیا کہ آخر مختلف مقامات پر سڑک یا گلی یا کہیں بھی ایک ہی جوتا پڑا ہوا کیوں نظر آتا ہے۔

ویسے تو انسان بہت غلطیاں کرتے ہیں اور چیزیں یہاں وہاں گرا دیتے ہیں، مگر سڑک پر پیر سے ایک جوتا نکل جانے پر اس کے علم نہ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ہمارے پیر میں 2 لاکھ سے زائد اعصاب ہوتے ہیں تو ایک جوتا نکل جانے کا احساس فوری طور پر ہو جاتا ہے۔

مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ کئی بار واقعی لوگ ایک جوتا گم کر دیتے ہیں۔

درحقیقت ایک جوتا گم ہونے کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں، جیسے کسی وجہ سے جوتے اتار کر گاڑی کی چھت پر رکھے اور پھر بھول گئے۔

اس کے بعد گاڑی چلانے پر دونوں جوتے مختلف جگہوں پر گر جاتے ہیں، چونکہ وہ مختلف جگہوں پر گرتے ہیں تو ہمیں ایک ہی جوتا نظر آتا ہے۔

کئی بار بچے بلکہ کچھ بڑے بھی چلتی گاڑی سے جوتے باہر پھینک دیتے ہیں۔

بچے تو اکثر ایسا مذاق یا غصے میں کرتے ہیں مگر بالغ افراد عموماً کسی کو مارنے یا خراب ہونے کی صورت میں یہ حرکت کرتے ہیں۔

ایسا بھی اکثر ہوتا ہے کہ گاڑی کی ڈکی میں رکھا سامان باہر گر جاتا ہے جن میں جوتے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

موٹر سائیکل میں سفر کے دوران بھی جوتا اتر کر نیچے گر سکتا ہے جس کی تلاش مشکل ہوتی ہے یا کسی بیگ میں رکھے جوتوں میں سے ایک سفر کے دوران خاموشی سے باہر گر جاتا ہے۔

ایک اور دلچسپ اور منطقی وجہ بھی موجود ہے جس سے سڑک پر جوتوں کی جوڑی کی بجائے صرف ایک جوتا نظر آنے کی وضاحت ہوتی ہے۔

اگر دونوں جوتے ایک جگہ نظر آئیں تو اکثر کوئی راہ گیر انہیں اٹھا کر پہن لیتا ہے یا فروخت کر دیتا ہے، جبکہ ایک جوتا کسی کام کا نہیں ہوتا تو وہ اپنی جگہ ہی موجود رہتا ہے۔

مزید خبریں :