ملازمین کو نوکری چھوڑنے پر مجبور کرنے کیلئے کمپنی نے دفتر پہاڑوں پر منتقل کردیا

جب یہ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو کمپنی نے اس کی تردید کی اور سابق ملازمین کو قانونی کارروائی کی دھمکی دی—فوٹو: فائل
جب یہ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو کمپنی نے اس کی تردید کی اور سابق ملازمین کو قانونی کارروائی کی دھمکی دی—فوٹو: فائل

چینی کمپنی نے ملازمین کو استعفے پر مجبور کرنے کے لیے اپنا دفتر ہی پہاڑوں پر منتقل کردیا۔

چینی میڈیا کے مطابق ایک ایڈورٹائزنگ کمپنی نے ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کے لیے دفاتر کو دور دراز پہاڑی مقام پر منتقل کردیا تاکہ ملازمین کو بلا کسی معاوضے کی ادائیگی کیے نکالا جاسکے۔

چینی شہر شیان کے ڈاؤن ٹاؤن میں قائم یہ ایڈورٹائزنگ کمپنی ملازمین کو بنا معاوضے کے نوکری سے نکالنا چاہتی تھی۔

اس حوالے سے سابق ملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کمپنی نے ایسا اس لیے کیا کہ ملازمین کو نکالنے کے لیے انہیں معاوضے کی رقم ادا نہ کرنا پڑے اور ملازمین خود ہی تنگ آکر چلے جائیں کیونکہ ان پہاڑوں پر ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی موجود نہیں تھی اور اگر ٹرانسپورٹ ہو تب بھی یہاں پہنچنے میں کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں۔

ایک سابق ملازم کا کہنا تھا کہ نئی جگہ پر جانے کےلیے انہیں 2 گھنٹے سفر کرنا پڑتا اور صرف ایک بس ہر تین گھنٹے بعد چلتی تھی جس کے بعد آفس پہنچنے کے لیے پہاڑ پر تین کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا جب کہ ٹیکسی کا کرایہ 8 ڈالر تھا، نئی جگہ پر بنیادی سہولتیں بھی نہیں تھیں اور خواتین پبلک ٹوائلٹ کے لیے ایک قریبی گاؤں جاتیں، جہاں آوارہ کتوں کی بہتات تھی۔

اس صورتحال پر ملازمین نے متعدد شکایات کیں لیکن انتظامیہ نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا جس کے بعد مجبور ہوکر 20 میں سے 14 ملازمین نے ملازمت چھوڑ دی۔

رپورٹس کے مطابق لوگوں کے نوکری چھوڑتے ہی کمپنی واپس اپنی پرانی جگہ پر واپس چلی گئی، جب یہ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو کمپنی نے اس کی تردید کی اور سابق ملازمین کو قانونی کارروائی کی دھمکی دی۔

مزید خبریں :