23 جنوری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سلمان اکرم راجہ نے اپنے حلقے میں جا کر قرآن پاک پر حلف لینے کی وجہ بتا دی۔
جیو نیوز کے پرو گرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم نے کہاکہ عوام سوال کرتے ہیں کہ منتخب ہونے کے بعدآپ کسی دباؤ یا لالچ کے تحت دیگر سیاسی جماعت کا رخ تو نہیں کریں گے؟ عوام پی ٹی آئی سے وفاداری کے اظہار کا مطالبہ کرتے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حلف اٹھانے کا تقاضہ ہوتا ہے تو میرا خیال ہے اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 128 لاہور سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرم راجہ نے گزشتہ روز قرآن پر حلف لیا تھا جس کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی۔
سلمان اکرم راجہ نے قرآن پر حلف لیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں خود قرآن پاک پر حلف لیتا ہوں، منتخب ہونے کے بعد ہم ایوان میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی ہوں گے، منتخب ہونے پر پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی کا وفادار رہوں گا، پارلیمنٹ کےاندر میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا ممبر رہوں گا اور تصور بھی نہیں کر سکتا کہ میں پی ٹی آئی یا بانی پی ٹی آئی سے غداری کروں۔