31 جنوری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عدالتی احکامات پر مونس الٰہی کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔
گزشتہ روز لاہور کی عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں رہنما تحریک انصاف مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دیا تھا۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج تنویر احمد شیخ نے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دینے کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
عدالت نے حکم دیا تھا کہ ایف آئی اے انٹرپول سے رابطہ کرکے مونس الہٰی کی گرفتاری کیلئے اقدامات کر سکتی ہے، ملزم نے جان بوجھ کر خود کو روپوش کر رکھا ہے، ایف آئی اے ملزم کی گرفتاری کیلئے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائے۔
اب اطلاعات ہیں کہ ایف آئی اے نے مونس الٰہی کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔
اس حوالے سے مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ کیس میں اُن پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ اُن کے دوست نے اُن کے اور اُن کے والد کی منی لانڈرنگ کیلئے آف شور کمپنی بنائی، وہ کمپنی تب بنی تھی جب اُن کی اور اُن کے دوست کی عمر تین سال تھی۔