22 فروری ، 2024
پاکستان کے اویس منیر نے ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے ۔
قطر میں جاری ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں اویس منیر کا مقابلہ تجربہ کار اور دفاعی چیمپئن ایران کے عامر سرکوش سے تھا۔
تاہم پاکستانی کھلاڑی نے بہترین کیو کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو چار ۔ ایک سے آؤٹ کلاس کردیا اور انہیں مسلسل چوتھا اور مجموعی طور پر پانچواں فائنل کھیلنے سے محروم کردیا۔
اویس نے پہلا فریم 36-57 کے اسکور سے جیتا تاہم دوسرے فریم میں عامر سرکوش نے شاندار کم بیک کیا اور اویس کو ایک گیند بھی پوٹ نہ کرنے دی ۔ دوسرے فریم میں 80-0 کی شکست سے مقابلہ ایک ۔ ایک سے برابر ہونے کے بعد اویس نے ایک بار پھر گیم پر کنٹرول سنبھالا اور اگلے تین فریمز 17-75، 47-67 اور 32-69 کے اسکور سے جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
اویس منیر 2015 کے بعد پہلے پاکستانی کیوئسٹ ہیں جنہوں نے ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے ۔
2015 میں پاکستان کے حمزہ اکبر نے ایونٹ کا فائنل کھیل کر ٹائٹل جیتا تھا۔