29 فروری ، 2024
دن بھر میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دن بھر میں 11.7 گھنٹے یا اس سے زائد وقت تک بیٹھ کر وقت گزارنے سے موت کا خطرہ 30 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں 63 سے 99 سال کی عمر کی 6489 خواتین کو شامل کیا گیا تھا۔
تحقیق کے دوران 7 دن تک ان خواتین کے بیٹھنے اور جسمانی سرگرمیوں کے وقت کا ڈیٹا ٹریکنگ ڈیوائسز کے ذریعے اکٹھا کیا گیا۔
اس کے بعد ان خواتین کی صحت کا جائزہ 8 سال تک لیا گیا۔
محققین نے بتایا کہ بیٹھ کر زیادہ وقت گزارنے والے افراد جسمانی توانائی کو بہت کم خرچ کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں مسلز، خون کے بہاؤ اور گلوکوز میٹابولزم کے افعال پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بیٹھ کر زیادہ وقت گزارنے سے جسم میں خون کی گردش سست ہو جاتی ہے، جبکہ گلوکوز کی سطح گھٹ جاتی ہے اور مسلز کا کھچاؤ متاثر ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ صرف ورزش سے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے ہونے والے منفی اثرات سے مکمل طور پر بچنا ممکن نہیں ہوتا۔
محققین کے مطابق اگر آپ روزانہ ایک گھنٹہ تیز رفتاری سے چہل قدمی کرتے ہیں مگر پھر پورا دن بیٹھ کر گزارتے ہیں، تو صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک وقت میں 30 منٹ سے زائد وقت تک بیٹھنے سے گریز کریں اور کوشش کریں کہ ہر 20 منٹ بعد اپنی جگہ سے کھڑے ہو جائیں۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف دی امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل جنوری 2024 میں جرنل JAMA نیٹ ورک اوپن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ دن کا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں، ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ 16 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق کے دوران سست طرز زندگی یا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے لگ بھگ 5 لاکھ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ جسمانی سرگرمیوں، بیٹھ کر گزارے جانے والے وقت اور طرز زندگی کے دیگر عناصر صحت پر کس حد تک اثر انداز ہوتے ہیں۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ 20 سال تک لیا گیا جبکہ جنس، عمر، تمباکو نوشی اور جسمانی وزن جیسے عناصر کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
اس عرصے میں 26 ہزار سے زائد افراد کا انتقال ہوا جن میں سے 57 فیصد ایسے تھے جو دن کا زیادہ تر وقت بیٹھ کر گزارتے تھے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض سے موت کا خطرہ 34 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کی عادت کو بیشتر افراد جدید طرز زندگی کا عام حصہ سمجھتے ہیں اور اس پر توجہ مرکوز نہیں کرتے۔
محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ بیٹھنے کے وقت میں کمی اور جسمانی سرگرمیوں میں اضافے سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ قبل از وقت موت اور دل کی شریانوں کے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر آپ کو اپنے کام کی وجہ سے دن بھر کئی گھنٹے بیٹھنا پڑتا ہے تو روزانہ 15 سے 30 منٹ کی ورزش کو عادت بنالیں تاکہ قبل از وقت موت اور جان لیوا امراض کا خطرہ کم ہوسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے خون کی گردش محدود ہوتی ہے خاص طور پر زیریں بدن میں خون کا بہاؤ گھٹ جاتا ہے۔
اسی طرح بیٹھ کر وقت گزارنے سے موٹاپے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے کیونکہ غذائی کیلوریز کم جلتی ہیں، جس سے ذیابیطس اور گردوں کے امراض کے ساتھ ساتھ امراض قلب کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔