’میری زندگی پھولوں کی سیج نہیں تھی‘، آننت امبانی کی جذباتی تقریر وائرل

اس ویڈیو میں دلہے کے والد مکیش امبانی کو اپنے آنسوؤں کو روکنے کی کوشش کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے__فوٹو: بھارتی میڈیا
اس ویڈیو میں دلہے کے والد مکیش امبانی کو اپنے آنسوؤں کو روکنے کی کوشش کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے__فوٹو: بھارتی میڈیا

آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل ہونے والی تقریب میں ہونے والے دلہے کی جذباتی تقریر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کچھ دن قبل ہی بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی  اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل کی تین روزہ تقریبات (پری ویڈنگ سیلیبریشن) کا اختتام ہوا۔

اس تقریب کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں آننت امبانی نے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا سپورٹ سسٹم ہیں خاص طور پر اس وقت جب وہ صحت کے مسائل سے لڑ رہے تھے ان کے والدین نے ان کا حوصلہ بڑھایا۔

اس ویڈیو میں دلہے کے والد مکیش امبانی کو اپنے آنسوؤں کو روکنے کی کوشش کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

آننت امبانی نے کہا کہ ’آپ کا شکریہ ماں، آپ نے جو کچھ کیا، یہ سب میری ماں نے بنایا ہے اور کسی نے نہیں، میری والدہ نے پچھلے 4 مہینوں سے 18 سے 19 گھنٹے کام کیا، میں ان کا مشکور ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ میری زندگی پھولوں کی سیج نہیں رہی، میں نے اپنی زندگی میں بہت مشکلات دیکھیں، مجھے بچپن سے ہی صحت کے مسائل کا سامنا تھا لیکن میرے والد اور والدہ نے کبھی مجھے محسوس نہیں ہونے دیا، انہوں نے مجھے یہ احساس دلایا کہ اگر میں کچھ بھی کرنے کا سوچوں گا تو میں اسے کرلوں گا، میں ہمیشہ ان کا شکر گزار رہوں گا‘۔

اپنی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کے حوالے سے آننت امبانی نے کہا کہ 'میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں اس میں کوئی شک نہیں، مجھے یہ بھی نہیں معلوم کہ میں نے رادھیکا کو کیسے پا لیا، میں انہیں 7 سال سے جانتا ہوں لیکن ایسا لگتا ہے کہ کل ہی اس سے ملا ہوں، ہر روز میں زیادہ سے زیادہ محبت کرنے لگتا ہوں، رادھیکا کو دیکھ کر میرے دل میں زلزلے اور سونامی آتے ہیں‘۔

رادھیکا اور آننت کی یہ ویڈیو بالی وڈ اداکار جوڑے جینیلیا ڈی سوزا اور رتیش دیش مکھ نے بھی شیئر کی اور دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ شادی سے قبل تین روزہ تقریبات بھارتی ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں ہوئیں جس میں بالی وڈ سمیت دنیا بھر کے معروف شخصیات نے شرکت کی۔

آننت اور رادھیکا 12 جولائی 2024 کو شادی کے بندھن میں بندھیں گے، رادھیکا مرچنٹ گجرات کے صنعت کار انکور ہیلتھ کیئر کے سی ای او ویرن مرچنٹ کی بیٹی ہیں۔

مزید خبریں :