جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے 11 بہترین پھل

موٹاپا دنیا بھر میں وبا کی طرح پھیل رہا ہے / فائل فوٹو
موٹاپا دنیا بھر میں وبا کی طرح پھیل رہا ہے / فائل فوٹو

موٹاپا دنیا بھر میں وبا کی طرح پھیل رہا ہے جو متعدد دائمی امراض بشمول ذیابیطس، کینسر اور دیگر کا خطرہ بھی بڑھاتا ہے۔

درحقیقت دنیا بھر میں جوان افراد میں موٹاپا عام ہوتا جا رہا ہے۔

طبی سائنس میں موٹاپے کو دائمی عارضہ تصور کیا جاتا ہے جس کا علاج ممکن ہے۔

اچھی خبر یہ ہے کہ چند پھلوں کے استعمال سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

ایسے ہی پھلوں کے بارے میں جانیں جو موٹاپے سے نجات میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

سیب

سیب جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بہترین پھل ہے / فائل فوٹو
سیب جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بہترین پھل ہے / فائل فوٹو

سیب میں فائبر اور پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جس سے پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سیب کھانے سے بھوک لگنے کا احساس زیادہ دیر سے ہوتا ہے جبکہ اس پھل سے جسمانی وزن میں کمی بھی آتی ہے۔

سیبوں میں موجود پولی فینولز اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھی جسمانی وزن کو بڑھنے سے روکنا ممکن ہوتا ہے۔

بلیو بیری

بلیو بیری / فائل فوٹو
بلیو بیری / فائل فوٹو

بلیو بیری وہ پھل ہے جس میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں۔

ایک کپ بلیو بیریز میں محض 85 کیلوریز ہوتی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اس پھل میں اینٹی آکسائیڈنٹس کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بلیو بیریز کھانے کے عادی افراد کے جسمانی وزن میں اضافہ بہت سست روی سے ہوتا ہے۔

اس پھل میں موجود Anthocyanin نامی اینٹی آکسائیڈنٹس جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

کھجور

کھجور صحت کے لیے بہترین پھل ہے / فائل فوٹو
کھجور صحت کے لیے بہترین پھل ہے / فائل فوٹو

کھجور کھانے کی عادت بھی موٹاپے سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ 3 کھجوریں کھانے والے افراد کے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے جبکہ کولیسٹرول کی سطح بھی بہتر ہو جاتی ہے۔

کھجور میں قدرتی مٹھاس کافی زیادہ ہوتی ہے تو اس پھل کو چینی کے متبادل کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

گریپ فروٹ

گریپ فروٹ
گریپ فروٹ

گریپ فروٹ کھانے سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دن یا رات کو کھانے سے قبل آدھا گریپ فروٹ کھانے سے 12 ہفتوں میں جسمانی وزن میں 2 کلو کے قریب کمی آتی ہے۔

البتہ گریپ فروٹ کے جوس سے یہ فائدہ نہیں ہوتا اور اگر آپ ادویات استعمال کر رہے ہیں تو اس پھل کو ڈاکٹر کے مشورے سے ہی استعمال کریں۔

آم

آم کو پھلوں کا بادشاہ بھی کہا جاتا ہے / فائل فوٹو
آم کو پھلوں کا بادشاہ بھی کہا جاتا ہے / فائل فوٹو

آم کو پھلوں کا بادشاہ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس کا ذائقہ ایسا ہوتا ہے کہ جتنا بھی کھا لیں دل نہیں بھرتا۔

زیادہ اچھی بات یہ ہے کہ اسے کھانے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ آم کھانے کے عادی افراد کا جسمانی وزن کم ہوتا ہے جبکہ پیٹ اور کمر کے گرد چربی کی سطح میں اضافہ نہیں ہوتا۔

اس کے ساتھ ساتھ آم کھانے سے جسم کو فائبر، میگنیشم، پوٹاشیم، فولیٹ، وٹامن اے، سی اور ای جیسے اجزا بھی ملتے ہیں۔

مالٹے

مالٹے بھی جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بہترین ہوتے ہیں / فائل فوٹو
مالٹے بھی جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بہترین ہوتے ہیں / فائل فوٹو

ایک مالٹے میں 3 گرام غذائی فائبر موجود ہوتا ہے۔

فائبر سے نہ صرف قبض سے بچنے یا اس سے ریلیف میں مدد ملتی ہے بلکہ یہ غذائی جز آنتوں کو بھی صحت مند رکھتا ہے۔

اسی طرح فائبر سے کولیسٹرول اور بلڈ شوگر کی سطح بھی کم ہوتی ہے۔

مالٹوں میں موجود فائبر سے پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے جس سے جسمانی وزن کو کنٹرول کرنا بھی آسان ہوجاتا ہے۔

انار

انار میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے / فائل فوٹو
انار میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے / فائل فوٹو

انار میں بھی فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو جسمانی ورم میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ انار میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بہترین ہوتے ہیں، کیونکہ وہ چربی کو گھلانے کا عمل تیز کرتے ہیں جبکہ معدے کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

اسٹرا بیری

اسٹرابیری / فائل فوٹو
اسٹرابیری / فائل فوٹو

اسٹرا بیری بھی جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بہترین پھل ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں فائبر اور اینٹی آکسائیڈنٹس کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ کیلوریز بہت کم۔

اسٹرا بیریز کو کھانے سے امراض قلب، ذیابیطس اور موٹاپے سمیت دیگر متعدد امراض سے تحفظ ملتا ہے۔

تربوز

تربوز کو دیکھ کر ہی فرحت کا احساس ہوتا ہے / فائل فوٹو
تربوز کو دیکھ کر ہی فرحت کا احساس ہوتا ہے / فائل فوٹو

تربوز وہ پھل ہے جس کے سرخ رنگ کو دیکھتے ہی فرحت کا احساس ہوتا ہے۔

سرخ رنگ کے پھل کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ اسے کھانے سے متعدد امراض سے تحفظ ملتا ہے۔

اس میں موجود پانی، اینٹی آکسائیڈنٹس، غذائی اجزا اور فائبر سے جسمانی وزن میں صحت مند کمی آتی ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ تربوز کھانے سے جسمانی وزن میں کمی کا عمل تیز ہو جاتا ہے کیونکہ پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے اور بھوک کم لگتی ہے، جس سے بے وقت کھانے کی خواہش کم ہوتی ہے۔

ناشپاتی

ناشپاتی / فائل فوٹو
ناشپاتی / فائل فوٹو

ناشپاتی میں موجود مرکبات سے بلڈ شوگر کی سطح میں کمی آتی ہے جبکہ ورک کی روک تھام ہوتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ پھل جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بھی اچھا انتخاب ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ناشپاتی کھانے سے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے جبکہ پیٹ اور کمر کے گرد چربی نمایاں حد تک گھٹ جاتی ہے۔

لیموں

لیموں بھی اس حوالے سے بہترین انتخاب ہے / فائل فوٹو
لیموں بھی اس حوالے سے بہترین انتخاب ہے / فائل فوٹو

لیموں وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ کیلوریز کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔

لیموں پانی کے استعمال سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں بھی ممکنہ مدد مل سکتی ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھانے سے قبل پانی پینے والے افراد کم مقدار میں خوراک جسم کا حصہ بناتے ہیں جس سے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ کھانے سے پہلے پانی پینا جسمانی وزن میں کمی کے لیے بہترین حکمت عملی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :