27 جنوری ، 2013
اسلام آباد … پاکستان تحریک انصاف کی اسٹریٹیجک کمیٹی کے اجلاس میں مسلم لیگ نواز کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عمران اسماعیل کے مطابق اسٹریٹیجک کمیٹی کا اجلاس عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوام، جس میں مخدوم جاوید ہاشمی، مخدوم شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر عارف علوی سمیت دیگر رہنماوٴں نے شرکت کی جبکہ کراچی سے بھی رہنماء ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ جیو نیوز سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل نے بتایا کہ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت آئندہ انتخابات اور تحریک انصاف کی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ صورتحال میں مسلم لیگ نواز سے الائنس نہیں کیا جاسکتا، اس لئے تحریک انصاف ، مسلم لیگ نواز کی جانب سے اعلان کئے گئے دھرنے میں شرکت نہیں کرے گی۔ عمران اسماعیل کے مطابق تحریک انصاف کی اسٹریٹیجک کمیٹی کا اجلاس پیر کو بھی جاری رہے گا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔