مہنگائی اور بیروزگاری پاکستانیوں کو درپیش سب سے اہم مسائل قرار، سروے

سروے کے مطابق مہنگائی 51 فیصد جبکہ بیروزگاری 16 فیصد پاکستانیوں کا اہم مسئلہ ہے— فوٹو: فائل
سروے کے مطابق مہنگائی 51 فیصد جبکہ بیروزگاری 16 فیصد پاکستانیوں کا اہم مسئلہ ہے— فوٹو: فائل

مہنگائی اور بیروزگاری کے حوالے سے پاکستانیوں کی تشویش میں معمولی کمی آئی ہے تاہم یہ اب بھی انہیں درپیش اہم مسائل میں سرفہرست ہیں۔

اپسوس پاکستان کے کنزیومر کانفیڈنس سروے میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ 

سروے 2024 کی پہلی سہ ماہی کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مہنگائی 51 فیصد جبکہ بیروزگاری 16 فیصد پاکستانیوں کا اہم مسئلہ ہے۔ 

سروے میں مہنگائی کو سب سے اہم مسئلہ کہنے والے پاکستانیوں کی شرح نومبر 2023 میں 53 فیصد تھی جبکہ حالیہ سروے میں 2 فیصد کمی کے بعد یہ شرح 51 فیصد ہوگئی۔

اسی طرح مئی 2023 میں 58 فیصد پاکستانی مہنگائی کواہم مسئلہ کہتے تھے، مئی 2023 سے اب تک مہنگائی کو اہم مسئلہ کہنے والوں کی شرح میں مجموعی طور پر 7 فیصد کمی آئی ہے۔

سروے میں بیروزگاری کو اہم مسئلہ کہنے والوں کی شرح 4 فیصد کمی کے بعد 16 فیصد پر دیکھی گئی۔ غربت کے حوالے سے پاکستانیوں کے خدشات میں 2 فیصد اضافہ ہوا اور 7 فیصد پاکستانیوں نے بڑھتی غربت پر پریشانی کا اظہار کیا ہے۔

ریاستی اداروں کے ایک دوسرے کے کاموں میں مداخلت پر سروے میں 5 فیصد، بجلی کی لوڈشیڈنگ، نرخوں میں اضافے اور کرپشن، رشوت ستانی، ملاوٹ اور اقربا پروری پر 4 فیصد، قانون کے نفاذ میں عدم مساوات پر 3 فیصد جبکہ پانی کی عدم دستیابی پر ایک  فیصد پاکستانیوں نے پریشانی کا اظہار کیا اور حکومت سے مسائل کے حل کا مطالبہ دہرایا۔

مہنگائی اور بیروزگاری پاکستانیوں کو درپیش سب سے اہم مسائل قرار، سروے


مزید خبریں :