27 اپریل ، 2024
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کے صرف آرمی چیف اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) سے مذاکرات کے بیان پر ردِعمل دینے سے گریز کیا۔
گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ صرف آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مذاکرات چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ میرے لیڈر کی پہلے دن سے خواہش تھی کہ انگیج کریں، میرا لیڈر انگیج کرنا چاہتا ہے لیکن کوئی رسپانس نہیں آتا، رسپانس آتا تو سب کوپتاچلتا، یہ ملک، فوج اور ادارے میرے ہیں، فوج سے مذاکرات ہوں گے اور بہت جلد ہوں گے۔
تاہم علی امین گنڈاپور نے شہریار آفریدی کے بیان پر ردِعمل دینے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ شہریار آفریدی نے بیان دیا، ان کا کوئی رابطہ ہوگا، اس بارے میں وہی جواب دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شریف فیملی اور زرداری فیملی کو ہمیشہ اپنی ذاتی معیشت کی فکر ہے، لوٹ مار اس کا ثبوت ہے، حال ہی میں پی ڈی ایم ون کی صورت میں جو تباہی ہوئی ، سب کے سامنے ہے ، اب پی ڈی ایم ٹو مینڈیٹ کے بغیر مسلط کردی گئی ہے۔