17 مارچ ، 2024
افغانستان میں بس اور ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند کے ضلع گریشک میں بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہو ئے۔
صوبائی محکمہ اطلاعات کے سربراہ شیر محمد وحدت نے بتایا کہ قندھار، ہرات شاہراہ پر ہونے والے حادثے میں ایک موٹر سائیکل، ایندھن کا ٹرک اور ایک بس شامل تھی جو دار الحکومت کابل کی طرف جارہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ بس کی پہلے موٹرسائیکل سے ٹکر ہوئی جس سےڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا اور پھر قندھار سے ہرات جانے والے ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے آگ بھڑک اٹھی۔
صوبائی محکمہ اطلاعات نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اتوار کی صبح ٹینکر، موٹر سائیکل اور مسافر بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے،حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں، جس کی بنیادی وجہ سڑکوں کی خراب حالت اور ڈرائیور کی لاپرواہی ہے۔