مریم کی ٹرینی سب انسپکٹر سے ملاقات، لیگی ایم پی اے کے برے سلوک پر اظہار ندامت

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز  نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے ملاقات کرکے ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی ملک وحید کے برے سلوک پر ندامت کا اظہار کیا۔

لاہور میں وزیر اعلیٰ مریم نواز سے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب نے ملاقات کی۔ سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ بھی موجود تھے۔

ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب نے وزیر اعلیٰ کو  اپنے ساتھ پیش آنے والا مقامی ایم پی اے کا واقعہ سنایا۔ 

ٹرینی سب انسپکٹر نے بتایا کہ انہوں نے باغبانپورہ میں سیاہ شیشوں والی گاڑی روک کر چیک کی تو ایم پی اے نے کہاکہ ایسا کیوں کیا؟ سب کے سامنے معافی مانگو۔

وزیر اعلیٰ  نے واقعہ سن کر اظہار ندامت کیا اور کہا کہ آپ نے اپنی ڈیوٹی کرنی ہے، کسی سے نہیں ڈرنا،کسی سے معافی بھی نہیں مانگنی۔

انہوں نے کہا کہ ایم پی اے ہو، ایم این اے یا چیف منسٹر، قانون سے بالاترکوئی نہیں، آپ دل چھوٹا نہ کریں ایم پی اے کو شوکاز نوٹس دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے سی سی پی او سے ٹرینی سب انسپکٹر کے تبادلے کا بھی پوچھا اورکہا کہ ایسا کوئی واقعہ ہو تو اُن سے پوچھے بغیر کوئی ایکشن نہیں لینا، ایم پی اے کو شکایت تھی تو ہمارے پاس آتے، ہم انکوائری کے بعد ایکشن لیتے۔

مریم نواز کا کہناتھاکہ ہم سب کو قانون کا زیادہ احترام کرنا چاہیے تاکہ دوسروں کیلئے مثال بنیں، ویری ویلڈن، یاسر اپنی ڈیوٹی اسی طرح کرنی ہے، کسی کو تنگ نہیں کرنا، ناانصافی نہیں کرنی۔

مزید خبریں :