کھیل
Time 28 مارچ ، 2024

ٹینس اسٹار عشنا سہیل کو ویمن ٹینس میں خدمات پر تمغہ امتیاز سے نواز دیا گیا

عشنا سہیل صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن و ٹینس اسٹار اعصام الحق کی کزن ہیں__فوٹو: سوشل میڈیا
عشنا سہیل صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن و ٹینس اسٹار اعصام الحق کی کزن ہیں__فوٹو: سوشل میڈیا

ٹینس اسٹار عشنا سہیل کو ویمن ٹینس میں خدمات پر تمغہ امتیاز سے نواز ا گیا۔

عشنا سہیل کا کہنا ہے کہ والدین کی وجہ سے ٹینس میں نام کمانا ممکن ہوا ، ان کے سامنے اعزازات کا ذکر ہونا اور ایوارڈ ملنا اس خوشی کا کوئی نعم البدل نہیں ، کوشش ہے کہ اب ویمن ٹینس کے لیے کام کروں۔

ٹینس فیملی سے تعلق رکھنے والی عشنا سہیل کو 23 مارچ کے موقع پر گورنر ہاؤس میں سجنے والے تقریب میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے تمغہ امتیاز دیا۔

عشنا سہیل نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ تمغہ امتیاز میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے، خاص طور پر اس کا مجھے میرے والدین کے سامنے ملنا، میرے والدین نے میرا بہت ساتھ دیا ہے، والد کی ٹینس فیملی ہے  جب کہ والدہ تعلیم کے شعبے سے وابستہ ہیں، وہ ایک ڈاکٹر ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے مجھے کھیل میں بہت سپورٹ کیا ہے۔

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

عشنا سہیل نے کہا کہ میرا فوکس ہمیشہ کھیل پر رہا ہے، میں نے ہمیشہ محنت پر یقین رکھا، میرے ذہن میں یہ نہیں ہوتا کہ اس کے بدلے مجھے کوئی ایوارڈ ملے گا، اب جب کہ مجھے ایوارڈ ملا ہے تو اس کی مجھے خوشی ہے اور میری ذمہ داری بھی بڑھ گئی ہے، اب میں کوچنگ کورس بھی کرنے لگی ہوں اور پھر میں ویمن ٹینس کے لیے کام کروں گی تاکہ ملک نے جو مجھے دیا ہے وہ میں لوٹا سکوں۔

عشنا سہیل ٹینس اسٹار اعصام الحق جو صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن ہیں، کی کزن ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ امید ہیں کہ اعصام الحق کی وجہ سے ٹینس میں بہتری آئے گی اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس میں شرکت کا موقع ملے گا۔

مزید خبریں :