پاکستان
Time 05 اپریل ، 2024

برطانوی ہائی کمشنر کی وزیر داخلہ سے ملاقات، دو طرفہ تعاون اور کرکٹ سیریز پر گفتگو

ملاقات میں دو طرفہ سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی__فوٹو: فائل
ملاقات میں دو طرفہ سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی__فوٹو: فائل

برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں وزارتِ داخلہ میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔

وزارتِ داخلہ آمد کے موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ کا خیر مقدم کیا، دونوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں  دو طرفہ سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

محسن نقوی اور جین میریٹ کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا۔

جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان کےساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیتا چاہتے ہیں، پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات کی اہمیت اپنی جگہ ہے، پاکستان مختلف شعبوں میں برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز دونوں ٹیموں کی ورلڈکپ تیاری میں معاون ثابت ہوگی۔


برطانوی ہائی کمشنر نے پی ایس ایل 9 کے کامیاب انعقاد پر محسن نقوی کو مبارکباد پیش کی اور  دونوں کے درمیان پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز پر بھی بات چیت ہوئی۔

جین میریٹ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے میچ دیکھ کر بہت انجوائے کیا، محسن نقوی کی پی سی بی کے ساتھ وزارت داخلہ میں کامیابی کے لیے دعا گو ہوں، امید ہے پاکستان اور انگلینڈ کے میچوں سے شائقین کرکٹ محظوظ ہوں گے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر محسن نقوی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

 پاکستان برطانیہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے: وزیر داخلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، دہشتگردوں کو امن کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، دہشتگردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، دہشتگردی سے نمٹنےکیلئے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا وقت کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاک فوج اورسکیورٹی اداروں نے اس جنگ میں شجاعت اور بہادری کی داستان رقم کی ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا پاکستان برطانیہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا دونوں ملکوں کی ترقی میں خصوصی کردار قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے وفود کے تبادلے ضروری ہیں، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :