08 مئی ، 2024
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے 9 مئی کے واقعات پر معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے باپ سے معافی نہیں مانگتے کسی اور سے کیا مانگیں گے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں 9 مئی کے واقعات پر معافی سے متعلق سوال پر اسد قیصر نے کہا کہ اللہ معاف کرے ہم اپنے باپ سے معافی نہیں مانگتے تو کسی اور سے کیا مانگیں گے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا ہم چاہتے ملک میں آئین اور قانون بالا دست ہو، چاہتے ہیں کہ تمام شہریوں کے برابر کے حقوق ہوں، اس کے لیے تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہ کرکام کرنا ہوگا۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے مطالبہ رہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔
گزشتہ روز ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا 9 مئی صرف افواج پاکستان کا مقدمہ نہیں، یہ پورے پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے، کسی بھی ملک میں اس کی فوج پر حملہ کرایاجائے، شہیدوں ی علامات کی تضحیک کی جائے، بانی کے گھر کو جلایا جائے، عوام اورفوج میں نفرت پیدا کی جائے یہ جو لوگ کرارہے ہیں اور کر رہے ہیں ان کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا جائے، کسی بھی ملک میں ایسا ہو تو وہاں کے نظام انصاف پر سوال اٹھتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا تھا کہا جاتا ہے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، جوڈیشل کمیشن تو اس چیز پر بنتا ہے جس پر کوئی ابہام ہو، یہ واقعات تو تاریخ پر ہیں اور آپ کے سامنے ہیں، یہ بالکل واضح ہے، یہ بھی واضح ہے کس طرح ذہن سازی کی گئی کس طرح سے اہداف بنائے گئے، اس پر بھی کہا گیا جوڈیشل کمیشن بنادو تاکہ پتا چلایا جائے یہ حملہ ہوا کہ نہیں۔