پاکستان
Time 05 اپریل ، 2024

لال سُہانرا نیشنل پارک میں نایاب درختوں کی کٹائی پر کارروائی، 11 افسران کا تبادلہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بہاولپور کے لال سُہانرا نیشنل پارک میں 6 درجن سے زائد قیمتی اور نایاب درختوں کی کٹائی کے شواہد ملنے پر 20 ویں گریڈ کے چیف کنزرویٹر جنگلات سمیت 11 افسران کا تبادلہ کر دیا گیا۔

پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر درختوں کی کٹائی کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

لال سُہانرا نیشنل پارک بہاولپور میں درختوں کی کٹائی کے معاملے پر گریڈ 20 کے چیف کنزرویٹرخالد محمود اور گریڈ19 کے کنزرویٹر منظور احمد کو تبدیل کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 18 کے ڈویژنل فاریسٹ افسر ندیم اشرف، آر ایف او حماد رضا، ممتاز حسین ، محمد سعید اور فارسٹ گارڈز بھی تبدیل کر دیے گئے ۔

ادھر انسداد کرپشن کی ٹیم تحقیقات کے لیے بہاولپور پہنچ گئی ہے۔

سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 6 درجن سے زائد قیمتی اور نایاب درختوں کی کٹائی کے شواہد ملنے پر کارروائی کی گئی ہے ،جو بھی افسران ملوث پائے جائیں گے انہیں نوکریوں سے برخاست کر کے سزا دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایک لاکھ 27 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلے ہوئے لال سُہانرا نیشنل پارک کو جنوبی ایشیا کے بڑے پارکوں میں شمار کیا جاتا ہے ، جسے اس کی منفرد ساخت اور جغرافیے کی وجہ سے یونیسکو نے جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے پارک کا درجہ دیا ہوا ہے۔

مزید خبریں :