30 جنوری ، 2013
گوجرانوالہ …گوجرانوالہ میں تین مزدروں پر تشدد اور ان کے اے ٹی ایم کارڈ سے رقم نکلوانے والے 4 پولیس اہل کار رنگے ہاتھوں گرفتار ہوگئے۔سی پی او عبدالرزاق چیمہ کو ایک مزدور نے شکایت کی کہ وہ اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ کل رات فیکٹری سے و اپس آرہا تھا کہ سوئی گیس روڈ پر تھانہ سول لائن کے اہل کاروں نے انہیں پکڑا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس اہل کاروں نے 40 ہزار روپے رقم کا مطالبہ کیا،اور کہا کہ اگر رقم نہیں دی تو ڈکیتی کا مقدمہ درج کرادیں گے۔ اہل کاروں نے مزدروں کی جیب سے دس ہزار روپے اور ایک مزدور کا اے ٹی ایم کارڈ نکال لیا اور صبح باقی رقم دینے کے وعدہ پر چھوڑ دیا۔ صبح پولیس اہل کاروں نے فون کیا، جس کی ریکارڈنگ ایک مزدور نے کرلی اور سی پی او کے سامنے پیش کی۔ جس پر سی پی او عبدالرزاق چیمہ نے اپنے پرنسل اسٹاف کو مزدوروں کے ساتھ بھیجا۔ اور جیسے ہی پولیس اہل کاروں نے اے ٹی ایم کارڈ سے رقم نکلوائی، انہیں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔