30 جنوری ، 2013
کراچی …کراچی میں شاہ زیب قتل کیس کے ملزمان کو پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا ہے، تفتیشی افسر نے چالان جمع کرانے کیلئے دس روز کی مہلت کے لئے درخواست جمع کروائی ہے۔ پولیس نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کے ہمراہ دیگر ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے روبرو پیش کیا۔عدالت نے پولیس کو ملزمان کا 30 جنوری کو چالان جمع کروانے کی ہدایت کی تھی۔شاہ رخ کا کیس دیگرملزمان سے علیحدٰہ کسی اور عدالت میں چلایا جائے گا یا نہیں، آج اس بات کا فیصلہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ مقدمے کے تفتیشی افسرنے چالان جمع کرانے کے لئے دس دن کی مہلت کے لئے درخواست عدالت میں جمع کرادی ہے۔ اس موقع پر مقتول شاہ زیب کے والد ڈی ایس پی اورنگزیب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ میڈیا اورعوام ہے اور انہیں انصاف ملنے کی پوری امید ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملزم شاہ رخ کی عمرکے تعین کے لیے میڈیکل رپورٹ پراعتماد نہیں، عدالت میں شاہ رخ کا دوبارہ میڈیکل کروانے کی درخواست کی جائے گی۔ اورنگزیب خان نے مزید کہا سرکاری افسرہونے کے باعث ان پر دباوٴ ہے،لیکن وہ کسی کے دباوٴ میں نہیں آئیں گے۔