Time 11 اپریل ، 2024
پاکستان

شاہ نورانی حادثہ: وزیراعلیٰ سندھ کی زخمیوں کی عیادت، بہترین طبی سہولیات فراہم کرنیکی ہدایت

12 افراد اب بھی زیر علاج ہے جن میں سے 5 وینٹیلیٹر پر ہیں, وزیراعلیٰ سندھ / فوٹو: ایکس (ٹوئٹر)
 12 افراد اب بھی زیر علاج ہے جن میں سے 5 وینٹیلیٹر پر ہیں, وزیراعلیٰ سندھ / فوٹو: ایکس (ٹوئٹر)

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا شاہ نورانی حادثے میں اب تک 18 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 6 افراد کی حالت نازک ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  کراچی کے ٹراما سینٹر میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کو گئے اور ڈاکٹروں سے زخمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی اور طبی عملے کو زخمیوں کی ہر ممکن دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا شاہ نورانی حادثے میں 18 زائرین جاں بحق ہوئے جبکہ 52 زخمیوں کو ٹراما سینٹر علاج کے لیے لایا گیا جن میں سے 40 زخمی ضروری طبی امداد فراہمی کے بعد جا چکے ہیں۔ 

مراد علی شاہ نے بتایا 12 افراد اب بھی زیر علاج ہے جن میں 5  وینٹی لیٹر پر ہیں اور زیادہ تر زخمیوں کو سر پر چوٹیں آئی ہیں جبکہ کچھ مریضوں کو حب میں بھی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حادثے کی وجہ کے بارے میں انہیں علم نہیں ہے، بلوچستان حکومت حادثے کی تحقیقات کرائے گی، زیادہ تر افراد غریب ہیں ان کا روزگار پتھر کرش کرنا ہے اور اطلاعات ہیں کہ انہیں تدفین میں مشکلات ہیں جس میں سندھ حکومت معاونت کرے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا حادثے میں موت ہونے کی صورت میں سندھ کی انشورنس ایک لاکھ روپے تک ہے مگر جان کی کوئی قیمت نہیں، جو چلے گئے ان کا ازالہ نہیں ہو سکتا۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ میں امن وامان کو ترجیح پر رکھا ہے اور رینجرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ 

مزید خبریں :