پاکستان
Time 12 اپریل ، 2024

الخدمت کے تحت مصر میں موجود غزہ کے بچوں اور متاثرہ خاندانوں کو عیدکی شاپنگ کروائی گئی

فوٹو: الخدمت فاؤنڈیشن
فوٹو: الخدمت فاؤنڈیشن

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمان نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں موجود غزہ کے زخمیوں، بیماروں اور مہاجرین کے ساتھ عیدالفطرمنائی، انہوں نے چاند رات پر غزہ کے معصوم بچوں اور متاثرہ خاندانوں کو مختلف میگاشاپنگ سینٹرز میں عیدکی شاپنگ کروائی، بچوں کوکھلونے اور گفٹ کے علاوہ عیدی بھی دی گئی۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ قاہرہ کے مختلف اسپتالوں میں غزہ کے زخمیوں اور  بیماروں کی عیادت کی اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔

ڈاکٹرحفیظ الرحمان نے بتایاکہ غزہ سے مصر ہجرت کرنے والے زخمیوں اور  بیماروں کی تعداد 3600جب کہ ان کے لواحقین کی تعداد 4500ہے ان متاثرہ افراد کو قاہرہ میں قائم الخدمت فاؤنڈیشن کا کیمپ آفس امداد فراہم کر رہا ہے۔

فوٹو: الخدمت فاؤنڈیشن
فوٹو: الخدمت فاؤنڈیشن

ان کا کہنا تھا کہ عید پربھی ان خاندانوں کو فوڈ پیکج  سمیت دیگر امدادی سامان ان کے گھروں اور  رہائشی مقامات پر فراہم کیا جارہا ہے۔

صدر  الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان نےکہا کہ غزہ کے مصائب میں گھرے سیکڑوں خاندانوں کے لیے عیدالفطر پر ضیافت کا اہتمام کرکےانہیں بھی عیدکی خوشیوں میں شریک کیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ متاثرہ خاندانوں سمیت زخمی بچے بھی انتہائی پرعزم ہیں اور بہادری سے مصائب کا مقابلہ کرتے ہوئے شکوے کے بجائے ان کی زبانوں پر اللہ کا شکر ہے۔

مزید خبریں :