15 اپریل ، 2024
اقوام متحدہ نے اسرائیل پر ایران کے حملے کے بعد زیادہ سے زیادہ تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انتونیو گوتریس نے فریقین سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر ہے، ایسے کسی بھی عمل سے گریز کیا جائے جو مشرق وسطیٰ میں کسی مختلف فوجی ٹکراؤ کا سبب بنے۔
انہوں نے کہا کہ عام شہری پہلے ہی ان چیزوں کوبرداشت کررہے ہیں اور ان کی بھاری قیمت چکا رہے ہیں۔
سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہمیں اس تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام فریقین کے ساتھ فعال طور پر رابطوں میں رہنا ہے۔
دوسری جانب سلامتی کونسل میں روس اور چین نے بھی تحمل سے کام لینے پر زور دیا جب کہ امریکا اور برطانیہ نے ایران کو مزید کشیدگی نہ بڑھانے کی تنبیہ کی ہے۔
فرانس نےکہاکہ ایران اوراس کے اتحادی خطے میں عدم استحکام پیدا نہ کریں۔