16 اپریل ، 2024
چینی وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی اور سعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں مشرقی وسطیٰ میں کشیدگی پر بات کی گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق چین نے علاقائی اور پڑوسی ممالک کو نشانہ نہ بنانے کے ایران کے اقدام کو سراہا ہے۔
ایرانی وزیرخارجہ سے گفتگو میں چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ یقین ہے ایران اپنی خودمختاری کی حفاظت کرتے ہوئے صورتحال کو اچھی طرح سنبھال لے گا اور خطے کو مزید انتشار سے بچائے گا۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شام میں ایرانی سفارت خانے پرحملے کی شدید مذمت اور مخالفت کرتے ہیں، واقعہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اورناقابل قبول ہے۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی کشیدگی سے آگاہ ہیں اور تحمل سے کام لینے پر آمادہ ہیں، ایران مزیدکشیدگی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔
دوسری جانب چین کے وزیرخارجہ نے اپنےسعودی ہم منصب سے بھی رابطہ کیا جس میں ان کا کہنا تھاکہ چین مشرق وسطیٰ میں مزیدکشیدگی سے بچنے کیلئے ریاض کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔
اس دوران سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال پرچین سے فعال اور اہم کردار ادا کرنے کی توقع ہے، سعودی عرب چین پر مکمل اعتماد کرتا ہے، غزہ میں فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کیلئے چین کے ساتھ رابطہ مضبوط کرنےکو تیار ہیں۔