پاکستان
Time 25 اپریل ، 2024

وزیراعظم کا ڈی آئی خان میں شہیدکسٹم افسرکے ورثا کیلئے4 کروڑ روپےکے پیکج کا اعلان

وزیراعظم  شہباز شریف نے ڈی آئی خان میں شہید ہونے والے کسٹم افسر کے ورثا کے لیے 4 کروڑ  اور  سپاہی کے ورثا کے لیے ڈھائی کروڑ روپےکے  پیکج کا اعلان کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف ایبٹ آباد کے علاقے جناح آباد میں شہید کسٹم انسپکٹر حسنین شاہ کے گھر پہنچے، وفاقی وزیر انجینیئر امیر مقام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم نے شہید کے اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہمیں شہید انسپکٹر حسنین پر فخر ہے، عظیم سپوت جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈی آئی خان کے دو  واقعات میں8 شہادتیں ہوئیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پوری طرح یکسو ہیں، اسمگلنگ کے خلاف معاونت پر آرمی چیف کے شکر گزار ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے وفاق کی طرف سے شہدا پیکج کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہید سپاہی کے ورثاکے لیے ایک کروڑ روپےکیش اور گھر کی مد میں ایک کروڑ 35 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے جب کہ شہید ہونے والے افسر کے ورثا کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپےکیش اور ہاؤس الاوئنس کی مد میں ڈھائی کروڑ  روپے ادا کیے جائیں گے۔انہوں نےکہا کہ شہدا کے بچوں کو فری تعلیم  اور علاج بھی مہیا کیاجائےگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ لائن آف ڈیوٹی پر شہید ہونے والے تمام شہدا کے ورثا کے لیے وفاق کی طرف سے یہی پیکج دیاجائےگا۔

مزید خبریں :