پاکستان
Time 27 اپریل ، 2024

پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے مسلط ہونا چاہتی ہے: رانا ثنا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی کی سوچ سیاسی نہیں، پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے مسلط ہونا چاہتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر طےکرلیں کہ ہر ادارہ اپنے آئینی کردار تک محدود رہے تو مسائل حل ہوجائیں گے، اگر ملک میں سیاسی استحکام آجائے تو کسی کو کیوں اعتراض ہوگا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ یہ ہر چیز کا الزام ہم پر لگا رہے ہیں اور کہتے ہیں مذکرات ان کے ساتھ کریں گے۔

رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ان کا ہتھیار بنے اور یہ مسلط ہوجائیں۔

دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں ہی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان رؤف حسن کا کہنا تھاکہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے سوا سال سے کمیٹی بنائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لیےکل بھی تیار تھے، آج بھی تیار ہیں اور آئندہ بھی تیار رہیں گے مگر ان کی طرف سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ہمارا مینڈیٹ چرایا ہے، ان سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، دیگر تمام جماعتوں سے بات کرسکتے ہیں، ہمارا 6 جماعتی اتحاد اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔