پاکستان
Time 29 اپریل ، 2024

گندم کی خریداری پر آج فیصلہ ہو جائے گا، کسانوں کو اچھی خبر سنائیں گے: وزیر خوراک پنجاب

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہے کہ صوبے میں گندم کی صورتحال پر آج اجلاس طلب کر لیا ہے، کسانوں کے مطالبات سامنے رکھ کر فیصلے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری پر آج فیصلہ ہو جائے گا، امید ہے کسانوں کواحتجاج کی ضرورت نہیں ہوگی، کسانوں کو اچھی خبر سنائیں گے۔

کسانوں نے حکومت کی جانب سے کوئی فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں منگل کو صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا کہ سونے جیسی گندم مٹی ہونے لگی ہے، سڑک پر بھی گاہک نہیں، بارشیں سر پر آگئیں ہیں جس سے تیار فصل خراب ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

کسان بچاؤ تنظیم کے رہنما سلطان جاوید نے جیو نیوز سے گفتگو میں پیر کے روز احتجاج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب میں کسانوں پر ظلم ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کئی روز سے یہی کہہ رہے ہیں، کسانوں کے مسائل کا حل صرف وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس ہے۔

سلطان جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کسانوں کو ملاقات کا وقت نہیں دے رہی ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں سرکاری سطح پر گندم کی خریداری نہ ہونے پر کسانوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے، صوبے بھر میں کسان حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت کو کسانوں سے گندم خریدنے کی ہدایت کی تھی، حکومت نے گندم خریداری کا ہدف 14 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھا کر 18 لاکھ میٹرک ٹن کر دیا تھا۔

مزید خبریں :