16 مئی ، 2024
اذلان شاہ ہاکی کپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو دس دس لاکھ روپے کا چیک دیا۔
وزیر اعظم پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سرپرست اعلٰی بھی ہیں، انہوں نے فوری طور پر ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیموں کی بحالی کا حکم دیا اور ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت دی، پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی سفیان خان نے تقریب میں ہاکی کھلاڑیوں کی نوکری کی بحالی کی درخواست کی تھی۔
تقریب میں ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر ایتھلیٹس نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں پیرس اولمپکس سے قبل اہم ایونٹس میں شرکت اور اس کی تیاری کے لیے پاکستانی گھڑ سوار عثمان چاند کو 25 ہزار پاؤنڈ کا چیک دیا گیا اور جیولن تھرو کے کھلاڑی ارشد ندیم کو ایک کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی۔
ساتھ ہی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لیے 6 کروڑ روپے اور پیرس اولمپکس کی تیاری کے حوالے سے نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا گیا۔